اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں ایک ایسی مجوزہ آئینی ترمیم آگے بڑھائی گئی ہے جس کا مقصد فوجداری الزامات کا سامنا کرنے والے ارکانِ پارلیمنٹ کو حکومت بنانے سے روکنا اور وزیر اعظم کی مدتِ ملازمت محدود کرنا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نگران وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمے میں عدالتی سطح پر اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بنیادی قانون (Basic Law: The Government) میں مجوزہ ترمیم کے تحت ایسے ارکانِ کنیسٹ جن پر سنگین جرائم یا "اخلاقی پستی” (moral turpitude) کے تحت فرد جرم عائد ہو، وہ حکومت تشکیل نہیں دے سکیں گے۔بل میں وزیر اعظم کے لیے مسلسل آٹھ سال کی مدتِ ملازمت اور اس کے بعد آٹھ سالہ وقفے کی تجویز بھی شامل ہے۔اس مجوزہ اقدام سے 2023 کے اس قانون کو منسوخ کرنے کی بھی بات کی گئی ہے جس نے وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کے حالات کو محدود کر دیا تھا۔یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ کے ججز نے اٹارنی جنرل سے کہا ہے کہ وہ مقدمے کے بعض حصوں کا ازسرِ نو جائزہ لیں اور ایک الزام واپس لینے پر غور کریں، جبکہ بعض دیگر الزامات پر بھی شکوک کا اظہار کیا گیا ہے۔بنجامن نیتن یاہو نے اپوزیشن کی اس قانون سازی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سیاسی طور پر باہر نکالنے کا ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب مقدمات کمزور پڑ رہے ہیں تو مخالفین قانون سازی کے ذریعے عوامی رائے کے خلاف اقدام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسرائیل کے موجودہ قانونی ڈھانچے میں وزیر اعظم کے لیے کسی مقررہ مدت کی حد موجود نہیں ہے اور محض فرد جرم عائد ہونے پر عہدہ چھوڑنے کی صریح شرط بھی شامل نہیں ہے۔ نیتن یاہو اسرائیل کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک وزیر اعظم رہنے والے رہنما ہیں اور اس مجوزہ قانون سازی کو براہِ راست ان کے سیاسی مستقبل سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
نیتن یاہو کو وزارتِ عظمیٰ سے روکنے کی مجوزہ شق پر کنیسٹ میں کشمکش، مقدمے میں اہم موڑ


