چنیوٹ (فرحان بلال سے): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام خواتین کے تحفظ، حقوق کے فروغ، آگاہی اور تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سینٹر و دارالامان چنیوٹ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر نوید عاطف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں انچارج دارالامان میڈم کوثر بتول، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالق داد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ایجوکیشن افسران، خواتین پولیس افسران و اہلکار، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور دیگر متعلقہ شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ خواتین کا تحفظ، ان کے حقوق کی پاسداری اور انہیں محفوظ و باوقار ماحول دینا مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسگی، استحصال اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے متعلقہ ادارے سرگرم عمل ہیں، جبکہ آگاہی مہم کے ذریعے انہیں بنیادی حقوق، قانونی معاونت اور سرکاری سہولیات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
دونوں افسران نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، اور تشدد و امتیاز سے پاک ماحول ایک محفوظ، مضبوط اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ اس مقصد کے لیے سرکاری اداروں، پولیس، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
مقررین نے بتایا کہ یہ 16 روزہ عالمی مہم 25 نومبر سے 10 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کا بنیادی مقصد خواتین کو ہر قسم کے تشدد، ہراسگی اور امتیازی سلوک سے محفوظ رکھنا اور معاشرے میں احترام، تحفظ اور وقار کے اصولوں کو فروغ دینا ہے۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے خواتین کو قانونی حقوق، حفاظتی سہولیات اور مدد کے طریقہ کار سے روشناس کروایا جائے گا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سینٹر و دارالامان چنیوٹ کی خدمات کو سراہا گیا جو متاثرہ خواتین کو تحفظ، رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اختتام پر 16 روزہ مہم کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور خواتین کے تحفظ و باعزت ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مہم کا بنیادی پیغام "Respect، Safety اور Dignity” (احترام، تحفظ اور وقار) ہے۔


