واشنگٹن/مسیسیپی: امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب منگل کے روز ایک چھوٹا مسافر طیارہ خلیج میکسیکو میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دو کمسن بچوں سمیت تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان جوآن روز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا سیسنا 210 طیارہ مسیسیپی کے شہر پاسکاگولا اور ہارن آئی لینڈ کے درمیان خلیج میکسیکو کے پانیوں میں گرا۔ طیارے میں 4 بالغ افراد اور 8 اور 10 سال کی عمر کے دو لڑکے سوار تھے۔
کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق الاباما کے شہر موبائل میں واقع ریجنل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور نے سہ پہر تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی تھی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر‘کے مطابق یہ طیارہ نیو اورلینز سے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز جا رہا تھا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک سمندر میں سرچ آپریشن کیا، جس کے ابتدائی مراحل میں پانی کی سطح پر تیرتی ہوئی تین لائف جیکٹس، ایک لائف رافٹ اور طیارے کا کیبن ملا، جبکہ بعد ازاں غوطہ خوروں نے سمندر کی تہہ میں طیارے کے ڈھانچے سے تمام چھ افراد کی لاشیں برآمد کر لیں۔
رواں ماہ امریکا میں دوسرا بڑا فضائی حادثہ
موبائل ایریا میں سرچ اینڈ ریسکیو کے کوآرڈینیٹر کمانڈر ٹریور بلونٹ نے اس سانحے کو انتہائی دلخراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کے بہترین باہمی تعاون کی بدولت لاشوں کو جلد تلاش کر کے سوگوار خاندانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


