راولپنڈی :مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی کامیابی قومی فخر کا باعث ہے جبکہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں جو ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے سپارکو (SUPARCO) کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی انتھک محنت و پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس تاریخی مشن میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی آہنی دوستی آج زمین کی حدود سے آگے خلا تک نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ انسانی خلائی سفر میں شمولیت ملکی افرادی قوت، سائنسی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کی استعداد کا مظہر ہے جو نوجوان نسل کو سائنس و جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی، جبکہ مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے کامیاب مشن اور بحفاظت زمین پر واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔
عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد


