عمرکوٹ (ایڈوکیٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ اعجاز احمد جتوئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان (NAP) پر عملدرآمد اور وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں امن و امان کے قیام، حساس مقامات کی سیکیورٹی، مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور مختلف محکموں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد جتوئی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے نیشنل ایکشن پلان اور ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں، معلومات کا بروقت تبادلہ کریں اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے اپنی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ رکھیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جاوید احمد ڈاہری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عمران آرائیں، اسسٹنٹ کمشنرز (عمرکوٹ، کنری، سامارو، پتھورو)، ڈی ایس پی عمرکوٹ غلام حسین تھیبو، ٹاؤن افسران، مختلف ضلعی محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


