پسرور (محمد اشفاق سے)
پسرور کے مصروف تجارتی و رہائشی علاقوں شاہ ببن دروازہ اور پرانی سبزی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک جام رہنا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ صبح سے شام تک سڑکوں پر گاڑیوں اور رکشوں کی لمبی قطاریں لگنے سے شہریوں، طلبہ، خواتین اور کاروباری افراد کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق شاہ ببن دروازہ اور پرانی سبزی منڈی کے اطراف درجنوں چنگچی رکشہ ڈرائیوروں نے سڑک کے دونوں جانب قبضہ جما کر غیر قانونی اسٹینڈز بنا رکھے ہیں، جس کے باعث آمدورفت کے لیے راستہ انتہائی تنگ ہو گیا ہے۔

روزانہ ٹریفک جام ہونے کے باوجود موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کوئی مؤثر انتظام دکھائی نہیں دیتا، جس پر علاقہ مکینوں اور راہگیروں کی شکایات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثنا شرافت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ شاہ ببن دروازہ اور پرانی سبزی منڈی میں جاری ٹریفک جام اور چنگچی رکشوں کی بھرمار کا فوری نوٹس لیں، غیر قانونی قبضے ختم کروائیں اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی پریشانی سے نجات مل سکے۔


