خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خوشاب محمد طاہر علی کے احکامات کی روشنی میں اور ڈی ایس پی ٹریفک سید قمر اقبال حیدر کی زیرِ نگرانی ٹریفک پولیس خوشاب نے ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
اس مہم کے دوران موٹر سائیکل پر دو سے زائد سواریاں بٹھانے (ٹرپل سواری اور اوور لوڈنگ)، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس حکام نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران معیاری ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، موٹر سائیکل پر دو سے زائد سواریاں ہرگز نہ بٹھائیں اور اپنا مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی محض ایک قانونی تقاضا نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت بھی ہے، لہٰذا شہری قانون کی پاسداری کر کے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔


