بھوپال (ویب ڈیسک)
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے دو الگ الگ افسوسناک ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ 33 شدید زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا حادثہ ٹریکٹر ٹرالی الٹنے کے باعث پیش آیا جس میں مسافروں کی بڑی تعداد سوار تھی، جبکہ دوسرے حادثے میں ایک بے قابو ٹریکٹر 70 فٹ گہرے کنویں میں جا گرا۔ دونوں حادثات میں مجموعی طور پر باپ بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ شدید مشقت کے بعد کنویں میں گرنے والے ٹریکٹر اور متاثرین کو باہر نکالا گیا۔ تمام ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور 33 زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


