امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے”فاکس نیوز ” کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ سنہ 2028ء کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو ’’واضح طور پر‘‘ آئندہ صدارتی انتخاب لڑنے والے نمایاں ترین ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں، تاہم انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ اس معاملے میں ’’حیران کن پیش رفت بھی ہو سکتی ہے‘‘۔
بلومبرگ نیوز ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل چند شخصیات موجود ہیں۔
چند روز قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ اگر نائب صدر جے ڈی وینس سنہ 2028ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ ان کی بھرپور حمایت کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور ان کی اولین ترجیح صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت کے اختتام تک ان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔
مارکو روبیو نے اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کا منصوبہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی مدت صدارت ختم ہونے تک کام جاری رکھنا ہے ۔انہوں نے ایک ایسے وقت میں اپنا عہدہ چھوڑنے کے کسی بھی ارادے کی تردید کی جب ان کے سیاسی مستقبل اور آئندہ صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے امکان کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر تھیں۔
روبیو کے یہ بیانات برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ (Independent) کی جانب سے شائع ہونے والی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں ریپبلکن ذرائع اور برطانوی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ سنہ 2028ء کے انتخابات کی تیاری کے لیے امریکی انتظامیہ سے الگ ہو سکتے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد دعوے قرار دیا ہے۔
امریکی صدر کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد ان کی سیاسی میراث سنبھالنے والے امیدوار کی شناخت پر بڑھتی ہوئی بحث کے درمیان مارکو روبیو اور جے ڈی وینس کو ریپبلکن پارٹی کے اندر سنہ 2028ء کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانشینی کے لیے سب سے نمایاں نام تصور کیا جا رہا ہے۔


