واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے کرپٹو ٹوکن $TRUMP میم کوائن کی قدر میں تاریخی گراوٹ اور سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باوجود واشنگٹن کے نواح میں واقع اپنے گالف کلب میں ٹوکن کے بڑے خریداروں کے اعزاز میں تیسرے خصوصی عشائیے (گالا ڈنر) کی میزبانی کی ہے۔
کبھی 75 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے والا ٹرمپ میم کوائن اب تاریخی کم ترین سطح پر آتے ہوئے ایک ڈالر سے بھی نیچے گر چکا ہے، جس کے باعث اس بار تقریب کی رونقیں ماند پڑی رہیں اور شرکا کی تعداد و جوش و خروش گزشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم دکھائی دیا۔
ورجینیا کے علاقے اسٹرلنگ میں واقع ’ٹرمپ نیشنل کلب‘ میں منعقدہ نجی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو کرنسی کی حمایت کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ سب امریکا کی معاشی مسابقت کو بڑھانے کے لیے کر رہے ہیں، کیونکہ اگر امریکا نے اس میدان میں پہل نہ کی تو چین بازی لے جائے گا۔
اس موقع پر شرکا کی تواضع خصوصی پکوانوں سے کی گئی جبکہ معروف ٹی وی شو "شارک ٹینک” کے اسٹار کیون اولیری اور این بی اے کے کھلاڑی ٹرسٹن تھامسن نے بھی خطاب کیا۔
گزشتہ سال مئی میں ہونے والے پہلے گالا ڈنر کے برعکس جہاں سرمایہ کار پرتعیش اسپورٹس کاروں میں پہنچے تھے اور کرپٹو ارب پتی جسٹن سن 1.85 کروڑ ڈالر کے ٹوکنز کے ساتھ آٹوگراف دیتے نظر آئے تھے اس بار ماحول خاصا سرد رہا اور شرکا بارش میں کھڑے ہو کر اندر داخل ہونے کا انتظار کرتے رہے۔ منتظمین کے مطابق 185 والٹس اہل قرار پائے تھے تاہم مقابلے کے اختتام پر محض 130 والٹس ہی فہرست میں شامل تھے۔
تقریب میں بدنظمی اس وقت سامنے آئی جب کرپٹو پلیٹ فارم ’ایئر ڈراپ الرٹ‘ کے بانی مورٹن کرسٹینسن نے دعویٰ کیا کہ 41 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ٹاپ 29 میں شامل ہونے کے باوجود انہیں وی آئی پی بینڈ نہیں دیا گیا، اور میڈیا سے گفتگو کرنے پر انہیں شام 7 بجے تقریب سے باہر نکال دیا گیا، جس کے بعد وہ بارش میں اپنی بہن کی واپسی کا انتظار کرتے رہے۔
سرمایہ کاروں کو 5 ارب ڈالر کا نقصان، ٹرمپ خاندان کی اربوں ڈالر کمائی
خبر رساں ادارے روئٹرز کے تجزیے کے مطابق ٹرمپ خاندان کے پانچ بڑے کرپٹو منصوبوں میں پیسہ لگانے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
تاہم اس کے برعکس ٹرمپ خاندان خود ان منصوبوں سے غیر معمولی منافع سمیٹ چکا ہے۔ جون میں جمع کرائے گئے مالیاتی گوشواروں کے مطابق صرف $TRUMP ٹوکن سے ٹرمپ خاندان نے کم از کم 63 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمائے، جبکہ اپریل تک ان کے چار مرکزی کرپٹو منصوبوں سے ہونے والی مجموعی آمدن 2.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب صارفین کے حقوق کی غیر جانبدار تنظیم ’پبلک سٹیزن‘ کے بلاک چین ڈیٹا تجزیے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ عشائیے کے لیے کوالیفائی کرنے والے نصف سے زائد ڈیجیٹل والٹس ایسے غیر ملکی ایکسچینجز سے منسلک ہیں جہاں امریکی شہریوں کے استعمال پر پابندی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ٹوکن کے بڑے خریداروں کی اکثریت غیر ملکی شہریوں پر مشتمل ہے۔


