لاہور / اسلام آباد:
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے حالیہ عرصے میں رنز نہ بننے، شدید ذہنی دباؤ اور پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے اخراج کے بعد کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صائم ایوب نے سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ فی الحال ذہنی طور پر مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور اپنی ذہنی و تکنیکی تیاری مکمل کرنے کے بعد ہی میدان میں واپس آئیں گے۔
گزشتہ ماہ اکتوبر میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ابتدائی اننگز میں ناکامی کے بعد صائم ایوب نے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات کی اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پی سی بی نے ان کی درخواست پر انہیں اسکواڈ سے ریلیز کر کے صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا تھا۔
قومی اسکواڈ سے الگ ہونے کے باوجود وہ قائداعظم ٹرافی کے مسلسل تین راؤنڈز میں شرکت نہ کر سکے، جس کے بعد انہوں نے ذہنی تھکاوٹ کے باعث عارضی بریک کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 2026–27 کے سیزن کے لیے اعلان کردہ نئی سینٹرل کنٹریکٹ فہرست میں بھی صائم ایوب جگہ نہیں بنا سکے۔
202 رواں سال 19 انٹرنیشنل میچز میں صائم ایوب محض 16.55 کی اوسط سے رنز بنا سکے اور پورے سال صرف ایک نصف سنچری اسکور کر پائے۔
ستمبر میں برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔ تاہم، شائقین اور کرکٹ حلقوں کو امید ہے کہ بریک کے دوران وہ ون ڈے فارمیٹ کی مضبوط کارکردگی اور آل راؤنڈ صلاحیتوں کے سہارے بھرپور کم بیک کریں گے۔


