دوحہ (اسپورٹس ڈیسک)
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے گروپ بی میچ میں پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے درمیان مقابلہ شروع ہونے سے قبل ہی ٹاس کے موقع پر ڈرامائی صورتحال پیدا ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر شائقینِ کرکٹ کی جانب سے اسے میچ ریفری کی مبینہ جانبداری یا ٹاس میں "دونمبری” قرار دیتے ہوئے شدید بحث جاری ہے۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ کے ٹاس کے وقت بھارت اے کے کپتان تلک ورما نے سکہ اچھالا جبکہ پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد نے "ہیڈز” (Heads) کی کال دی۔ تاہم سکہ گرنے کے بعد میچ ریفری (نیا مور رشید) اور پریزنٹر نے ابتدائی طور پر "ٹیل” (Tails) آنے کا اعلان کر دیا، جس پر بھارت اے کو ٹاس جیتنے کا حقدار سمجھا جانے لگا۔
پاکستانی کپتان عبدالصمد نے فوری طور پر اس اعلان پر اعتراض اٹھایا اور جھک کر سکے کو قریب سے دیکھا۔ انہوں نے مائیک پر واضح طور پر کہا کہ سکہ "ہیڈز” گرا ہے۔ عبدالصمد کی بروقت مداخلت اور اصرار پر میچ ریفری نے سکے کا دوبارہ جائزہ لیا، اپنی غلطی تسلیم کی اور فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کو ٹاس کا فاتح قرار دیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد عبدالصمد نے پچ کو خشک قرار دیتے ہوئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر ایک بار پھر دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ (ہینڈ شیک) نہ ہونے کا سلسلہ بھی برقرار رہا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے آفیشلز کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی اور موقف اختیار کیا کہ اگر کپتان عبدالصمد چوکنا نہ رہتے تو ٹاس بھارت کے حق میں جا سکتا تھا، جبکہ بھارتی صارفین نے اسے محض انسانی غلطی قرار دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان شاہینز نے مقررہ 50 اوورز میں 313 رنز بنائے اور بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا۔
آخری اطلاعات کے مطابق پاکستانی بولرزنے انڈین بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں،126رنزپرچھ کھلاڑی پویلین واپس جاچکے ہیں۔


