قصور: رپورٹ: محمد وقاص اشرف

امتحانی نظام میں جعل سازی اور نقالی کے خلاف لاہور تعلیمی بورڈ نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے قصور سے دو ملزمان کو گرفتار کروا دیا۔ دونوں ملزمان دیگر امیدواروں کی جگہ پرچہ حل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول قصور میں محمد علی ولد امین (رول نمبر 249353) کو امیدوار اعظم ولد محمد اسلم کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ اسی طرح گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج قصور میں مبشر شریف (رول نمبر 249073) کو امیدوار زین علی ولد مختار احمد کی جگہ پرچہ حل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔لاہور بورڈ کی کنٹرولر ٹیم نے دونوں ملزمان کو تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ متعلقہ تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔اس موقع پر کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ توصیف الرحمٰن نے کہا کہ امتحانی نظام میں جعل سازی، نقالی اور دھوکہ دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کی شفافیت، میرٹ اور محنتی طلبہ کے حقوق کا تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے نقل مافیا کے خلاف کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی۔



