نوابشاہ (بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)

قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابشاہ کے 16 ویں اکیڈمک کانووکیشن کا انعقاد یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں کیا گیا، جس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن میں 492 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ڈگریاں، گولڈ و سلور میڈلز، سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جامعات میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے ہیں، جبکہ قائد عوام یونیورسٹی میں بھی نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری ملازمتوں کے انتظار کے بجائے کاروبار، صنعت اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اعلیٰ تعلیم جاری رکھیں اور بڑے اہداف کے حصول کے لیے محنت و عزم سے کام لیں۔
چیف سیکریٹری کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی کامیابی میں والدین کی محنت، قربانیوں اور دعاؤں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث ڈگریاں وصول نہ کرنے والے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے بھی سندھ حکومت اقدامات کرے گی۔ اپنے طالب علمی کے دور کو یاد کرتے ہوئے آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ وہ 1986ء میں اسی کیمپس میں زیرِ تعلیم تھے اور 40 سال بعد اسی ادارے کے کانووکیشن کی صدارت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
وائس چانسلر قائد عوام یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے بتایا کہ کانووکیشن میں 9 پی ایچ ڈی، 6 ماسٹرز انجینئرنگ، 13 ماسٹرز سائنس اور 25 شعبہ جات کے 464 بیچلر گریجویٹس سمیت مجموعی طور پر 492 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ پانچ فیکلٹیز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طوبیٰ مغل، شہمیر علی ابڑو، محمد ابراہیم قریشی، اعزاز علی شاہ اور ناظم حسین زرداری کو گولڈ و سلور میڈلز، سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا۔
کانووکیشن میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ، کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور، رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو، ڈی آئی جی پولیس فیصل بشیر میمن، وائس چانسلر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر سیال، ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ایس ایس پی ڈاکٹر ثمیر نور چنہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ خان محمد زرداری سمیت اساتذہ، طلبہ و طالبات اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔


