حافظ آباد: پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے پُراسرار اور لرزہ خیز قتل کا مقدمہ تھانہ سٹی میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں مقتول کے چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ افسوسناک واردات 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب حافظ آباد میں عباس پیٹرول فلنگ سٹیشن سے ملحقہ رہائش گاہ پر پیش آئی، جہاں مقتول لیاقت عباس بھٹی دیگر دو افراد کے ساتھ موجود تھے۔ اس دوران چار ذاتی محافظوں سمیت مسلح ملزمان اندر داخل ہوئے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق مزاحمت کرنے پر ایک گن مین نے لیاقت عباس بھٹی کو بیڈ پر گرا دیا جبکہ دیگر محافظوں نے ان کے بازو اور ٹانگیں جکڑ لیں اور ایک ملزم نے گلا دبا کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزمان نے دوسرے کمرے میں موجود دو گواہان کو رسیوں سے باندھ دیا۔
جب مدعی مقدمہ 19 نومبر کی دوپہر جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے اپنے چچا کو بیڈ پر مردہ حالت میں پایا جبکہ گھر کا سارا سامان بکھرا ہوا تھا۔ انہوں نے دوسرے کمرے میں بندھے گواہان کو آزاد کروایا جنہوں نے تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان قتل کے بعد رہائش گاہ سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 50 تولے سونا، 20 لاکھ روپے نقد، ذاتی اسلحہ اور گھر کا دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ علاوہ ازیں ملزمان مقتول کی تین قیمتی گاڑیاں جن میں ایک پراڈو، ایک ویگو ڈالا اور ایک لینڈ کروزر شامل ہیں بھی ہمراہ لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق فرار ہونے سے قبل ملزمان نے مقتول ہی کے پیٹرول پمپ سے تینوں گاڑیوں کی ٹینکیاں بھی فل کروائیں۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بتایا کہ مقتول کے گلے پر رسی کے واضح نشانات پائے گئے ہیں جبکہ منہ سے خون بھی نکلا ہوا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں رسی سے پھندا دے کر قتل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فواد احمد نے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ نعش کی حالت سے اندازہ ہوتا ہے کہ قاتلوں نے قتل کے بعد لاش کو بیڈ پر لٹا کر اوپر کمبل ڈال دیا تھا تاکہ یوں محسوس ہو کہ وہ سو رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق مقتول نے واسکٹ پہن رکھی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ واردات کے وقت وہ جاگ رہے تھے۔
مقتول کے قریبی عزیز اظہر عباس بھٹی کے مطابق واردات میں ملوث سیکیورٹی گارڈز کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جنہیں کچھ عرصہ قبل باقاعدہ چھان بین اور متعلقہ تھانے میں اندراج کے بعد ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ مقتول کی فیملی لاہور میں مقیم ہے اور وہ ڈیرے پر اکیلے رہائش پذیر تھے۔
آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق مفرور محافظوں کی گرفتاری اور لوٹی گئی گاڑیوں و سامان کی برآمدگی کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے لرزہ خیز قتل کا مقدمہ درج؛ چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان نامزد، دومشتبہ افراد گرفتار

