واشنگٹن ڈی سی :امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ رکوانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد ایک بار پھر مسترد کردی۔
قرارداد کے حق میں 48 جبکہ مخالفت میں 51 ووٹ ڈالے گئے، جس کے بعد ری پبلکن ارکان نے ایک مرتبہ پھر ٹرمپ انتظامیہ کی جنگی پالیسی کی حمایت کردی۔
US Senate REJECTS resolution seeking to withdraw US troops from hostilities with Iran
‘On this vote, the yeas are 48. The nays are 51. The concurrent resolution is NOT accepted’ https://t.co/1BpJPVyPv2
— RT (@RT_com) November 20, 2026
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ووٹنگ کے دوران ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹر مین نے اپنی جماعت کے مؤقف کے برعکس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ ری پبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، رینڈ پال اور لیزا مرکوسکی نے قرارداد کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ فروری میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد سے ڈیموکریٹ ارکان مسلسل ایسی قراردادیں پیش کر رہے ہیں جن کا مقصد صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنا ہے۔ڈیموکریٹس کا مؤقف ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔

