نیویارک: امریکی شہر نیویارک کی ڈیڑھ صدی پرانی شناخت اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہنے والی گھوڑا گاڑیوں (بگھیوں) کا باب بالآخر بند ہونے جا رہا ہے۔ نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے شہر میں گھوڑا گاڑیوں کے چلنے پر باضابطہ پابندی کے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔
’رومانچ لا‘ (Romanch’s Law) کے نام سے منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت یکم جون 2028 تک نیویارک کی تمام سڑکوں اور پارکوں سے گھوڑا گاڑیوں کے آپریشنز کو مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ قانون 18 سالہ نوجوان رومانچ مہاجن کی یاد میں ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جو رواں سال کے اوائل میں نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں پیش آنے والے گھوڑا گاڑی کے ایک افسوسناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس المناک واقعے کے بعد شہر میں جانوروں کے حقوق اور عوامی تحفظ کے حوالے سے شدید آوازیں اٹھائی جا رہی تھیں۔
قانون کی منظوری کے موقع پر میئر زہران ممدانی نے اپنے بیان میں کہا کہ گھوڑا گاڑیاں گزشتہ 150 برسوں سے سینٹرل پارک کی پہچان اور ایک مستقل حصہ رہی ہیں، تاہم آج ہم عوامی تحفظ کے پیشِ نظر اس 150 سالہ باب کو ہمیشہ کے لیے بند کر رہے ہیں۔
150 سالہ روایت کا خاتمہ؛ میئر زہران ممدانی نے نیویارک میں گھوڑا گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی

