واشنگٹن ڈی سی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وائٹ ہاؤس کے قومی سائبر سکیورٹی کے سربراہ ڈائریکٹر شان کیرن کراس کو عہدے سے برطرف کردیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع نے جمعرات 19 نومبر کو شان کیرن کراس کی برطرفی کی تصدیق کی۔ یہ حالیہ ٹیکنالوجی بحران کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کسی اعلیٰ عہدیدار کے خلاف کیا جانے والا پہلا بڑا انتظامی اقدام ہے۔
شان کیرن کراس امریکی وفاقی حکومت کے مختلف اداروں میں سائبر سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں اور حکمت عملی کی نگرانی کرتے تھے۔ ان کی برطرفی کے بعد محکمہ دفاع کی چیف انفارمیشن آفیسر کرسٹن ڈیوس عارضی طور پر یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شان کیرن کراس کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کی مکمل حمایت کی تھی۔
دوسری جانب شان کیرن کراس نے جمعرات کی شب اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں خدمات انجام دینا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔
امریکا میں گزشتہ چند روز کے دوران اہم ٹیکنالوجی نظاموں میں آنے والی خرابیوں نے فضائی سفر، بینکاری اور قومی سلامتی کے نظام کو متاثر کیا، جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ان واقعات کے چند روز بعد امریکی قومی سائبر سکیورٹی کے سربراہ شان کیرن کراس کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں آنے والی خرابی سے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین متاثر ہوئے، جبکہ امریکا میں فضائی سفر کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور 18 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر یا دیگر مسائل کا شکار ہوئیں۔
ٹیکنالوجی فیلئیر: صدر ٹرمپ نے قومی سائبر سیکیورٹی ڈائریکٹر شان کیرن کو برطرف کردیا

