ایران میں دنیا کے سب سے بڑے قدرتی گیس کے ذخیرے "جنوبی پارس” (South Pars) کے ایک پلیٹ فارم پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پال لیا ہے اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
غیر ملکی اور ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ جنوبی پارس کے فیز 14 کے ‘SPD14D’ پلیٹ فارم پر پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں حرکت میں آئیں اور حفاظتی اقدامات کے تحت فوری طور پر وہاں موجود عملے کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکیج یا روزمرہ کے تکنیکی مسائل اس آتشزدگی کی وجہ بنے، جن کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ایک پلیٹ فارم سے یومیہ تقریباً 1 کروڑ 45 لاکھ مکعب میٹر گیس پیدا کی جاتی ہے، تاہم فوری اور بروقت کارروائی کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان کو ٹال لیا گیا۔
واضح رہے کہ خلیج فارس میں واقع جنوبی پارس کا یہ وسیع و عریض گیس فیلڈ ایران اور قطر کے درمیان مشترکہ ہے (جس کے قطری حصے کو ‘نارتھ ڈوم’ کہا جاتا ہے)۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ مانا جاتا ہے، جو خطے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

