چکوال (مہتاب نصیر اعوان سے):
چکوال کے جہلم روڈ پر بلال شاپنگ مال کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے کے نتیجے میں لوڈر رکشے کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی موٹر بائیک ایمبولینس سروس اور ریسکیو ایمبولینس کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے محض تین منٹ میں موقع پر پہنچ کر سین اسیسمنٹ اور ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی، تاہم فزیکل ایگزامینیشن کے دوران معلوم ہوا کہ متاثرہ شخص پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ متاثرہ شخص کو سر پر شدید اور کھلی چوٹ (Open Head Injury) آئی تھی۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد ثقلین ولد محمد یوسف (عمر تقریباً 40 سال)، سکنہ گاؤں چکرال، ضلع چکوال کے نام سے ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے آگے جانے والے لوڈر رکشے کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہو کر جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی ڈیڈ باڈی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔

