برسبین (آسٹریلیا):آسٹریلیا کے شہر برسبین میں اٹلی کی فن کی روایت اور وقار کی جنگ اس وقت ایک دلچسپ اور انوکھے موڑ پر پہنچ گئی جب ایک اطالوی شیف کو پیزا پر انناس (Pineapple) لگانے سے مسلسل انکار کرنے پر نوکری سے نکال دیا گیا۔
اطالوی شیف پر الزام تھا کہ انہوں نے گزشتہ چار سالوں کے دوران تیسری مرتبہ اپنے مالکان اور گاہکوں کی طرف سے پیزا پر انناس شامل کرنے کی فرمائش کو سختی سے مسترد کیا۔
"اطالوی ثقافت کی توہین”
شیف کے مطابق، اطالوی پیزا کی سینکڑوں سال پرانی روایات میں انناس جیسے میٹھے پھل کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے غصے میں آ کر اپنے ریسٹورنٹ مالک سے کہا کہ "یہ اطالوی ثقافت اور پاک فن کی کھلی توہین ہے، پہلے جا کر اطالوی پیزا کی تاریخ پر تحقیق کرو!”
اس تلخ کلامی کے بعد ریسٹورنٹ کے مالک نے شیف کو ضوابط کی خلاف ورزی پر فوری طور پر برطرف کر دیا۔
شیف نے اپنی اس غیر قانونی برطرفی کے خلاف عدالت اور لیبر ٹربیونل سے رجوع کیا، لیکن بدقسمتی سے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ (Deadline) گزر جانے کی وجہ سے وہ اپنا مقدمہ تکنیکی بنیادوں پر ہار گئے۔
اگرچہ وہ قانونی جنگ ہار گئے اور برطرفی ختم نہ ہو سکی، لیکن شیف نے ایک دوسرے معروف ریسٹورنٹ میں بطور ہیڈ شیف کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نئی جگہ پر پائن ایپل پیزا کے حوالے سے ان کی پالیسی کیا ہوگی، یہ فی الحال رازداری کے پردے میں ہے!

