سکھر (رپورٹ/عبدالرحمان راجپوت)
سندھ حکومت اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام تین روزہ سندھ اسپیشل گیمز 2026 کا سکھر اسپورٹس کلب میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کے دوران گیمز کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر نے خصوصی کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور 100 میٹر دوڑ کا مشاہدہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپورٹس کلب میں قائم 22 سے زائد خصوصی اسٹالز کا بھی دورہ کیا، جہاں خصوصی افراد کی صلاحیتوں، ہنرمندی اور تخلیقی سرگرمیوں کو خوب اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع اور بھرپور حوصلہ افزائی فراہم کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ سندھ اسپیشل گیمز کے انعقاد کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے، ان میں خود اعتمادی پیدا کی جائے اور انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔منتظمین کے مطابق، ان تین روزہ گیمز میں سندھ بھر سے 800 سے زائد خصوصی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جو 10 سے زائد مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔ ان مقابلوں میں 550 کھلاڑی بااختیار افراد جبکہ 250 کھلاڑی اوپن کیٹیگری میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ایونٹ 6 نومبر 2026 تک سکھر اسپورٹس کلب میں جاری رہے گا۔افتتاحی تقریب میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن طحہ احمد فاروقی، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اسد اسحاق، کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی، ایس ایس پی گھوٹکی، سیکشن آفیسر جنرل اسپورٹس علی ڈنو گوپانگ، ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن سکھر عبد القدوس میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس سکھر میر محمد کلہوڑو، فوکل پرسن ایونٹ پروفیسر سید رئیس حیدر، ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر غلام عباس گوراہو، ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن خیرپور حفیظ اللہ شیخ سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے افسران اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

