اسلام آباد:
وفاقی کابینہ نے ملک میں مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کرنسی کی لائف بڑھانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اب عام استعمال سے 10 روپے کا کاغذی نوٹ ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے اس فیصلے کا بنیادی مقصد معاشی اصلاحات کے ساتھ ساتھ کرنسی مینجمنٹ کو بہتر بنانا ہے۔ جعل سازی (فیک کرنسی) کی روک تھام کے لیے تمام نئے نوٹوں میں انتہائی جدید سیکیورٹی فیچرز اور معیاری میٹریل استعمال کیا جائے گا۔ نوٹوں میں استعمال ہونے والے جدید مٹیریل سے ان کی پائیداری میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے وہ طویل عرصے تک قابلِ استعمال رہ سکیں گے۔ کاغذی نوٹوں کی چھپائی کے اخراجات کو کم کرنے اور ان کے بار بار خراب ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے 10 روپے کا سکہ باقاعدہ طور پر رائج کیا جا رہا ہے۔ماہرینِ معیشت نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے طویل مدتی بنیادوں پر ملکی خزانے کو خاطر خواہ بچت ہوگی۔
