خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے)
ضلع خوشاب کے ایک اور قابلِ فخر سپوت ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ نے بین الاقوامی علمی و تحقیقی میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان اور ضلع خوشاب کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا ہے۔ ان کی اہم تحقیقی کاوش — پانچ ممالک میں خواتین کی سیاسی شرکت، درپیش مسائل، مشکلات اور مستقبل کے امکانات — کو کینیڈا کے معروف عالمی ادارے کامن ویلتھ آف لرننگ نے شائع کر دیا ہے۔ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کی اس بین الاقوامی تحقیق کا عنوان ’’خواتین کی سیاسی شرکت کا دائرۂ کار: موجودہ صورتِ حال، مسائل اور مستقبل کے امکانات‘‘ ہے۔ یہ تحقیق بنگلہ دیش، ملاوی، موزمبیق، پاکستان اور سری لنکا میں خواتین کی سیاسی شرکت کا تقابلی جائزہ پیش کرتی ہے، جس میں خواتین کو سیاسی عمل میں درپیش رکاوٹوں اور ان کے مؤثر حل کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کے مطابق، یہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے کہ وہ پاکستان سے اس نوعیت کی پانچ ملکی تقابلی تحقیق کرنے والے پہلے محقق ہیں۔ اس منصوبے کے دوران انہوں نے پانچوں ممالک کی خواتین سیاسی نمائندگان اور متعلقہ انتخابی اداروں کے حکام کے تفصیلی انٹرویوز کیے، جبکہ ان ممالک کے آئین، انتخابی قوانین اور خواتین کی شمولیت سے متعلق دستیاب تحقیقی مواد کا جامع مطالعہ بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس تحقیق کا بنیادی مقصد مختلف ممالک کے تجربات کا تقابلی جائزہ لے کر خواتین کی مؤثر سیاسی شرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ یہ مطالعہ پالیسی سازوں، محققین، جمہوری اداروں اور سول سوسائٹی کے لیے نئی بصیرت اور حکمتِ عملی مرتب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کامیابی پر انہوں نے کامن ویلتھ آف لرننگ کینیڈا اور تمام معاونین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سابق قومی اسمبلی کے رکن ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے اس بین الاقوامی کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں، ضلع خوشاب کے عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے بھی اس کامیابی کو پورے ضلع کے لیے فخر کی علامت قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایسی تحقیقی خدمات ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے لیے بھی آگے بڑھنے کا بڑا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔

