جمعیت علمائے اسلام تحصیل ہالا کے امیر حاجی صاحبڏنو وریاہ نے ہالا جماعت ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند روز قبل مٹیاری پریس کلب میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی توجہ انتظامی خامیوں اور عوامی مسائل کی جانب مبذول کرائی گئی تھی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بعض معاملات میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے انتظامی امور کے حوالے سے اجلاس طلب کیے، جن میں متعلقہ افسران، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں نے شرکت کی، تاہم عوامی مسائل تاحال مکمل طور پر حل نہیں ہوسکے۔ خصوصاً ایل پی جی (LPG) اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کوئی خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 300 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 600 روپے سے زائد میں فروخت کی جا رہی ہے، جو عام شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے۔ شہر کے ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز میں بھی یہی گیس استعمال ہوتی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافے کا بوجھ براہِ راست عوام پر پڑ رہا ہے اور روٹی سمیت تمام اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور من مانے نرخوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ایل پی جی سمیت روزمرہ کی اشیاء کو سرکاری نرخوں پر فروخت کروانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمعیت علمائے اسلام ہمیشہ عوامی مسائل پر آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کے حقوق اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔