مورو (بیورو رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو میں قومی شاہراہ پر دروس بائی پاس کے قریب الجدہ ہوٹل کے نزدیک سڑک عبور کرتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس دلخراش حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 15 سالہ نوجوان انصاف علی برڑو ٹرک کے نیچے آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحصیل اسپتال مورو منتقل کیا۔ اسپتال میں ضابطے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ جب نوجوان کی میت اس کے آبائی علاقے درس پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
دریں اثنا، مورو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور طارق بھٹی کو گرفتار کر کے تھانہ مورو میں باقاعدہ رپورٹ درج کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

