سیالکوٹ :مہندی کی تقریب میں قانون کی سنگین خلاف ورزیاں، شدید بدفرمانی اور شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے پر پولیس نے متنازع اور بدنام زمانہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو (عنصر محمود) اور ان کے ساتھیوں کے خلاف شکنجہ کس لیا ہےپولیس کی جانب سے کارروائی شروع ہوتے ہی ٹک ٹاکر گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو کر فرار ہو گیا ہے، جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران عوام کو انعامات کی لالچ دے کر اکٹھا کیا گیا جہاں شدید بد نظمی اور ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھ افراد کو گرفتار کرلیا مسٹر پتلو کی ممکنہ پناہ گاہ اور تقریب کی جگہ پر چھاپہ مارا اور عوام کو بطور انعام تقسیم کرنے کے لیے رکھی گئی متعدد موٹر سائیکلوں اور دیگر سامان کو قانونی تحویل میں لے کر ضبط کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گالی گلوچ اور نازیبا زبان کے استعمال کی وجہ سے متنازع شناخت رکھنے والے مسٹر پتلو اور ان کے ساتھیوں سمیت کل 53 افراد (نامزد اور نامعلوم) کے خلاف قانون کی خلاف ورزی اور عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں مفرور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر مسلسل چھاپے مار رہی ہیں اور معاملے میں ملوث دیگر ملزمان کی سرگرمی سے تلاش جاری ہے۔
سیالکوٹ: ٹک ٹاکر ’مسٹر پتلو‘ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار،پولیس کے جگہ جگہ چھاپے، 53 افراد کے خلاف مقدمہ درج


