ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی):
ہنگورجا تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر حاجی راڻو خان سولنگی اسٹاپ کے قریب ایک اور دلخراش ٹریفک حادثے میں خیرپور کی رہائشی 35 سالہ خاتون پروین سیال جاں بحق جبکہ اشفاق سیال سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق حاجی راڻو خان سولنگی اسٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سواروں کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار خیرپور کی رہائشی سیال برادری کی 35 سالہ پروین سیال موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اشفاق سیال سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر ہنگورجا منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔دوسری جانب ہنگورجا سے رسول آباد اور شاہ جی مشین تک قومی شاہراہ کی تعمیر و مرمت کے کام میں مسلسل سست روی اور روڈز محکمے کی مبینہ غفلت کے باعث اس سڑک پر حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ سڑک کی خراب حالت اور ادھورے تعمیراتی کام کی وجہ سے مسافروں اور موٹرسائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔علاقہ مکینوں اور شہریوں نے روڈز محکمے کی مجرمانہ خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں تاخیر عوام کے لیے عذاب بن چکی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حاجی راڻو خان سولنگی اسٹاپ کے قریب پیش آنے والے اس خونی حادثے کا فوری نوٹس لیا جائے، ہنگورجا سے رسول آباد تک قومی شاہراہ کی تعمیر کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور غفلت کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔


