شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر اسامہ طفیل)
شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے تنازعے پر پیش آنے والے ہولناک دوہرے قتل کے واقعے کا مرکزی ملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔تھانہ صدر مریدکے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور مرکزی ملزم عدنان کو لالہ موسیٰ سے حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے تلخ تنازعے پر اپنی سگی بہن (زینب) اور بھابی (مریم) کو فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد سے روپوش تھا۔ پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ واقعہ کے تمام محرکات کو سامنے لایا جا سکے۔


