سیالکوٹ۔سلیم ا حمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت صنعتی محنت کشوں کی فلاح و بہبود، معاشی تحفظ اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی تاریخ میں رجسٹرڈ صنعتی ورکرز کو ایک ہی روز میں سب سے بڑی مالی ادائیگی کی گئی ہے جس کے تحت 46 کروڑ 7 لاکھ 75 ہزار 486 روپے محنت کشوں کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں براہِ راست منتقل کئے گئے ہیں۔ ایک ہی روز میں ویلفیئر گرانٹس کے 1,331 مختلف کیسز کے تحت مستحق محنت کشوں کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔ یہ ادائیگیاں شفاف نظام کے تحت براہِ راست ورکرز کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری، غیر ضروری تاخیر یا سفارش کے بغیر ان کا حق مل سکے۔ گزشتہ 90 دنوں میں پنجاب کے رجسٹرڈ صنعتی ورکرز کو ویلفیئر گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر مختلف ویلفیئر گرانٹس کی مد میں 10 ہزار 246 کیسز منظور کئے گئے اور 2 ارب 16 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی جو محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔محنت کشوں کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ویلفیئر گرانٹس کی ادائیگیوں کے لیے متعارف کرائے گئے نئے نظام کی بدولت شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اب مالی معاونت کی رقوم براہِ راست محنت کشوں کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہو رہی ہیں، جس سے ادائیگیوں کے عمل میں غیر ضروری مراحل اور مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ ماضی میں صنعتی ورکرز کے مالی معاونت کے کیسز طویل عرصے تک زیرِ التوا رہتے تھے، جس کے باعث مستحق محنت کشوں کو اپنے جائز حق کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم نئے نظام کے تحت ان کیسز کو تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے اور ادائیگیوں میں شفافیت کے ساتھ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محنت کش ملکی معیشت اور صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود، معاشی تحفظ اور مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ صنعتی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو تعلیم، علاج، مالی معاونت اور دیگر ویلفیئر سہولیات کی فراہمی مؤثر اور شفاف انداز میں جاری رکھی جائے۔انھوں نے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا اور ویلفیئر گرانٹس کی ادائیگیوں میں شفافیت، میرٹ اور بروقت فراہمی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

