خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خوشاب کے زیرِ اہتمام تحصیل سطح پر جاری کھیلوں کے مقابلہ جات میں گورنمنٹ ہائی سکول چن نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ کرکٹ کے ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار فائنل مقابلے میں گورنمنٹ ہائی سکول چن نے گورنمنٹ ہائی سکول نورپور کو شکست دے کر تحصیل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔سب سے بڑی اور قابلِ فخر بات یہ ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول چن نے مسلسل تیسری مرتبہ تحصیل چیمپئن بن کر کامیابیوں کی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے، جو کہ سکول اور علاقے کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ میچ کے دوران پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں سلیکٹ ہونے والے نوجوان بیٹر کامران نے انتہائی ذمہ دارانہ اور بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شاندار 52 رنز کی باری کھیلتے ہوئے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ تاریخی کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت، بہترین ٹیم ورک، اساتذہ کی رہنمائی اور کوچ ماسٹر رمیز حسن صاحب (جو کہ خود بھی کرکٹ کے بہت اچھے پلئیر ہیں) کی بہترین حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس عظیم الشان کامیابی پر عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے گورنمنٹ ہائی سکول چن کے تمام کھلاڑیوں، ہیڈ ماسٹر حافظ عبدالروف، جملہ سٹاف اور بالخصوص ٹیم کے محنتی اور باصلاحیت کوچ ماسٹر رمیز حسن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔


