لاہور:پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کی نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے لیے ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نورین نیازی گذشتہ 38 روز سے کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں اور گذشتہ رات دل میں تکلیف کے باعث انھیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
درخواست کے مطابق نورین نیازی سے اہلِ خانہ اور وکلا کی ملاقات بھی نہیں کروائی جا رہی، جبکہ وہ ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، اس لیے ان کی نظر بندی میں توسیع امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔
درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سے استدعا کی گئی ہے کہ نورین نیازی کی نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ستمبر میں مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت 30 دن کے لیے حراست میں لیا گیا تھا، جس میں بعد میں توسیع کر دی گئی تھی۔

