ایبٹ آباد: پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایبٹ آباد میں ایک غیر معمولی کارروائی کرتے ہوئے فیس بک پر اپنے ہی سگے والد کی شدید تضحیک کرنے اور توہین آمیز مواد پھیلانے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنے والد کی تصویر کے ساتھ توہین آمیز الفاظ پوسٹ کیے تھے اور تصویر کے نیچے ‘ڈاگز’ لکھ کر تضحیک آمیز ایموجیز کا استعمال بھی کیا تھا۔ حکام نے کارروائی کے دوران ملزم کے زیرِ استعمال موبائل فون برآمد کر کے وہ فیس بک اکاؤنٹ بھی تحویل میں لے لیا ہے جس سے یہ مواد شیئر کیا گیا تھا، جبکہ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ آن لائن ہراسانی اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف ادارے کی پالیسی ‘زیرو ٹالرنس’ پر مبنی ہے اور اس طرح کے مکروہ فعل میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2026 میں بھی ایسا ہی ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا تھا جب بہاولپور کے ایک 17 سالہ طالب علم نے مصنوعی ذہانت (AI) سے اپنے والد کو زہر دے کر قتل کرنے کا طریقہ پوچھا تھا، جسے امریکی تحقیقاتی ادارے ‘ایف بی آئی’ کی نشاندہی پر این سی سی آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
این سی سی آئی اے کا بڑا ایکشن! فیس بک پر اپنے ہی والد کی توہین اور تضحیک کرنے والا نوجوان گرفتار،

