واشنگٹن:امریکی جریدے ریئل کلیئر ڈیفنس نےتصدیق کی ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا کے پانچ سال بعد بھی امریکی ساختہ ہتھیار پاکستان پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کی عملی صلاحیت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ جریدے نے افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان، دہشت گردی اور پاکستان کی سلامتی پر تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے۔
ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق افغانستان میں طالبان رجیم کے اقتدار میں آنے کے وقت 7.12 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی سازوسامان موجود تھا، جس میں 3 لاکھ سے زائد ہتھیار، 40 ہزار سے زائد فوجی گاڑیاں اور 78 طیارے شامل تھے۔جریدے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ میں طالبان کمانڈروں کی جانب سے فتنۃ الخوارج کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ فراہم کیے جانے والے ہتھیاروں میں ایم 24 اسنائپر رائفلز، ٹیلی اسکوپ سے لیس ایم 4 رائفلز اور تھرمل سائٹس سے لیس ایم 16 رائفلز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کمانڈرز اور بلیک مارکیٹ کے ذریعے اسلحہ دہشت گردوں تک منتقل ہو رہا ہے، جبکہ جدید ہتھیاروں کی دستیابی دہشت گرد تنظیموں کی عملی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے 63 ہتھیاروں کے سیریل نمبرز کا امریکی اسلحہ سپلائرز سے تعلق بھی ثابت ہو چکا ہے۔ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق جعفر ایکسپریس حملے کے بعد فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے امریکی ساختہ ایم 4 اے 1 رائفلز برآمد ہوئیں، جبکہ نائٹ وژن آلات نے فتنۃ الخوارج کے حملوں کو مزید مہلک بنا دیا۔
جریدے کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کی واپسی کے بعد سے افغانستان میں فتنۃ الخوارج، القاعدہ اور داعش خراسان سرگرم ہیں۔ جدید ہتھیاروں کی دستیابی اور سرحد پار دہشت گردی کی پناہ گاہیں پاکستان کی سلامتی کے لیے سنجیدہ چیلنج ہیں۔ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق پاکستان میں 2025 کے دوران 699 دہشت گرد حملے ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ تھے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے معاملے نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی بڑھائی، جبکہ افغان سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی کے باعث 2026 میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تصادم بھی ہوا۔
جریدے نے زور دیا ہے کہ امریکہ کو علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر غیر قانونی اسلحہ تجارت کی مالی معاونت اور اسلحے کی ترسیل کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ پاکستان میں دہشت گردوں کی صلاحیت بڑھا رہا ہے، ریئل کلیئر ڈیفنس

