بلغراد: سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ایک نابالغ نوجوان نے دو چاقوؤں سے حملہ کر کے سکیورٹی گارڈ کو زخمی کر دیا، تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سربین وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ سفارت خانے کے باہر پیش آیا جہاں ایک نامعلوم نابالغ حملہ آور نے نعرے بازی کرتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور جینڈرمری (پولیس سکیورٹی فورس) کے اہلکار کو دو چاقوؤں سے نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوا۔
سربیا کے وزیرِ داخلہ ایویکا داسک (Ivica Dacic) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار نے اپنی جان اور دفاع میں جوابی کارروائی کی جس کے دوران حملہ آور مارا گیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی روشنی میں اس واقعے کو ایک "دہشت گردانہ حملہ” قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارتِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیز اس حملہ آور کی سرگرمیوں پر پہلے سے نظر رکھے ہوئے تھیں، اور اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کالعدم تنظیم کی حمایت میں بلیک فلیگ (جھنڈا) بھی موجود تھا۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں دہشت گردی کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ کی سطح کو بلند ترین درجے تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ اہم سفارتی تنصیبات اور حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جون 2024 میں بھی بلغراد میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایک اور حملہ پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے کراس باؤ (تی کمان) کے ذریعے سکیورٹی اہلکار کو زخمی کر دیا تھا اور جوابی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

