کنری: رپورٹ: ڈاکٹر ایم لال واگھانی
اسلام آباد میں منعقدہ قومی سطح کے اسٹیم سائنس فیسٹیول کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے اسکول، ضلع عمرکوٹ اور صوبہ سندھ کا نام روشن کرنے والے گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ میمن کنری کے ہونہار طلبہ اور ان کی رہنمائی کرنے والے اساتذہ کے اعزاز میں اسکول میں ایک شاندار تقریبِ پذیرائی منعقد کی گئی۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، گسٹا رہنماؤں اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران کامیاب طلبہ اور ان کے اساتذہ کو اجرکیں، پھولوں اور لونگیوں کے تحائف پیش کرکے بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ میمن کنری کے طلبہ نے اسلام آباد میں منعقدہ اسٹیم سائنس فیسٹیول کے قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ ساگر ماڑھیو، ویر کمار اور عبدالصمد سمیت ان کی رہنمائی کرنے والے استاد سر ضیاء الحق آرائیں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے طلبہ کی صلاحیتوں، محنت اور اساتذہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری میر حسن آریسر تھے، جبکہ ڈپٹی ڈی ای او غلام فرید کنبھار، ٹی ای او پرائمری علی احمد بھنبھرو، ٹی ای او فی میل مختیار احمد درس، ٹی ای او سیکنڈری نیاز احمد چانڈیو، کوآرڈینیٹر سندھ خان محمد کھوسو، ضلعی اسٹیم فوکل پرسن اشفاق جوکیو، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، گسٹا رہنماؤں اور معززین نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب میں قومی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ ساگر ماڑھیو، ویر کمار اور عبدالصمد کو مبارک باد پیش کی گئی، جبکہ اسٹیم مقابلوں کے لیے طلبہ کی رہنمائی کرنے والے استاد سر ضیاء الحق آرائیں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران اور معزز شخصیات نے کامیاب طلبہ اور استاد کو اجرکیں، پھولوں اور لونگیوں کے تحائف پیش کیے۔ اسکول کے پرنسپل زاہد آرائیں کو بھی ادارے کی اس نمایاں کامیابی پر مبارک باد دی گئی اور انہیں پھولوں، اجرک اور لونگی کے تحائف پیش کرکے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان ہونے والے اسٹیم سائنس فیسٹیول کے مقابلوں میں سندھ کے دیہی علاقے میمن کنری کے گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ کے طلبہ کا تیسری پوزیشن حاصل کرنا انتہائی قابلِ فخر اور حوصلہ افزا کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ ضلع عمرکوٹ، صوبہ سندھ اور بالخصوص کنری میمن کا نام بھی روشن کیا ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ دیہی علاقوں کے طلبہ میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر انہیں مناسب مواقع، بہتر رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ طالب المولیٰ ہائی اسکول کے طلبہ نے اپنی کارکردگی سے علاقے کے دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ دیگر طلبہ کو بھی تعلیم، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدانوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ مل سکے۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ، ان کے استاد سر ضیاء الحق آرائیں اور اسکول کے پرنسپل زاہد آرائیں کو مبارک باد پیش کی گئی، جبکہ اس شاندار کامیابی کو علاقے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔


