ڈیٹرائٹ : دنیا کی معروف امریکی اٹو موبائل کمپنی ‘فورڈ’ (Ford) نے اپنے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک بڑا اور انقلابی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔
فورڈ جلد ہی 30,000 ڈالر سے کم قیمت کا اپنا نیا الیکٹرک پک اپ ٹرک ‘فاثم’ (Fathom) مارکیٹ میں لانے کی تیاری کر رہی ہے، جو ایک جدید اور سستے ‘بائی ڈائریکشنل چارجنگ’ (Bidirectional Charging) سسٹم سے لیس ہوگا۔ اس نظام کی بدولت صارفین مہنگے ایکسٹرنل انورٹرز انسٹال کیے بغیر گاڑی کی بیٹری سے اپنے پور ے گھر کو بجلی فراہم کر سکیں گے۔
2027میں مارکیٹ میں آنے والا ‘فاثم’ ٹرک پہلی ایسی کم قیمت الیکٹرک گاڑی ہوگی جو کسی الگ وال ماؤنٹڈ انورٹر کے بغیر گھر کو 10 کلو واٹ (10 kW) سے زیادہ AC بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی سے نہ صرف گاڑی بلکہ ہوم بیک اپ پاور کے دیگر تمام آلات کی لاگت میں بھی زبردست کمی آئے گی۔
نئی ٹیکنالوجی کیسے کام کرتی ہے؟
عام طور پر الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں ڈائریکٹ کرنٹ (DC) کی صورت میں توانائی ذخیرہ کرتی ہیں جبکہ ہمارے گھروں میں آلٹرنیٹنگ کرنٹ (AC) استعمال ہوتا ہے۔ ماضی میں اس کے لیے گھروں میں ایک انتہائی مہنگا انورٹر لگانا پڑتا تھا۔
E-box میں ان بلٹ انورٹر: 2023ء میں سٹارٹ اپ کمپنی ‘آٹو موٹو پاور’ کو خریدنے کے بعد فورڈ نے اپنے سسٹمز کی ازسرنو تعمیر کی اور انورٹر کو گاڑی کے اپنے پانچ مرکزی ماڈیولز میں سے ایک یعنی ‘E-box’ کے اندر ہی نصب کر دیا۔
فورڈ کے مطابق نئے ہوم پاور اسٹیشن (Home Power Station) کی قیمت پہلی جنریشن کے چارجر سے آدھی ہوگی، جبکہ ہوم بیک اپ پینل کے آلات کی لاگت میں کم از کم 60 فیصد تک کمی آئے گی۔
اس سسٹم کے ذریعے صارفین رات کے وقت سستی بجلی پر اپنے ٹرک کو چارج کر سکیں گے اور دن کے وقت یعنی پیک آورز (Peak Hours) میں جب بجلی مہنگی ہوگی، اسی ٹرک سے اپنے گھر کو بجلی چلا کر بھاری بچت کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی کو عام اور آسان بنانے کے لیے فورڈ نے امریکا اور کینیڈا کی بڑی پاور کمپنیوں (بشمول Pacific Gas and Electric، Exelon اور American Electric Power) پر مشتمل ایک ماہرانہ ورکنگ گروپ قائم کر دیا ہے۔
اس گروپ کا مقصد 2027ء میں گاڑی کی آمد سے قبل پاور گرڈز کے قوانین، ورچوئل پاور پلانٹس (VPPs) اور منظوری کے پروسیس کو آسان بنانا ہے تا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن یا ایمرجنسی کی صورت میں شہری بغیر کسی پیچیدہ کاغذی کارروائی کے اپنے ٹرک کو ہوم بیٹری کے طور پر استعمال کر سکیں۔آٹو موبائل ماہرین کا کہنا ہے کہ شیورلیٹ وولٹ اور نسان لیف جیسی سستی گاڑیوں کے مقابلے فورڈ کا یہ اقدام انڈسٹری میں گیم چینجر ثابت ہوگا، کیونکہ یہ محض ایک گاڑی نہیں بلکہ پورے گھر کے لیے ایک طاقتور اور سستا متبادل پاور ہاؤس ثابت ہوگی
’’ گاڑی کی بیٹری سے پورا گھر چلائیں’’ فورڈ کمپنی نے انقلابی الیکٹرک ٹرک ‘فاثم’ (Fathom) متعارف کرادیا

