لاہور:لاہور کے علاقے مزنگ لنک روڈ پر سکوٹی سوار لڑکی کا راستہ روک کر اسے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم سید مدثر الحسن کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کو عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کیا جائے۔
لاہور کے تھانہ مزنگ کی پولیس نے ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا عدالت سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ملزم کی رہائی کی خبر پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’افسوس۔‘
SAD. https://t.co/Ff7CU3BbyF
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 24, 2026
اس سے قبل انہوں نے ایک ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ ’میں نے خود اس لڑکی سے بات کی اور اسے کہا کہ وہ اس آدمی کو اتنے ہی تھپڑ مارے جتنے اس نے اسے مارے تھے۔ لیکن اس نے جواب دیا کہ اس کے لیے یہی کافی ہے کہ حکومت نے اسے یہ احساس دلایا کہ وہ محفوظ ہے، اس کا خیال رکھا جا رہا ہے، اور اسے یقین دلایا گیا ہے کہ انصاف اس کے ساتھ ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں:
سکوٹی سوار طالبہ پرتشدد کرنیوالا ملزم وکیل گرفتار، خواتین پر ہاتھ اٹھانا ناقابل برداشت ہے، ڈی آئی جی کامران فیصل،
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 20 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب لڑکی مزنگ لنک روڈ سے گزر رہی تھی۔
ملزم نے مبینہ طور پر اپنی موٹرسائیکل لڑکی کی سکوٹی کے آگے لا کر اس کا راستہ روکا اور اسے سکوٹی سے گرا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

