لاہور میں آذربائیجانی خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم احمد تنویر کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو ملزم کا طبی معائنہ کرانے اور اس کی شناخت پریڈ کروانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ احمد سعید صائم نے پولیس کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران ملزم کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے پولیس کی درخواست کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل پر رات بھر تشدد کیا گیا ہے۔
وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کا مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔ اس موقع پر عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیا اس پر تشدد کیا گیا ہے اور کیا وہ اپنا طبی معائنہ کرانا چاہتا ہے؟ اس پر ملزم احمد تنویر نے کہا کہ اس پر تشدد ہوا ہے اور وہ اپنا میڈیکل کرانا چاہتا ہے۔
ملزم کے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ پولیس پرانے واقعے کو نیا بنا کر پیش کر رہی ہے اور احمد تنویر کی اس مقدمے میں ضمانت بھی ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں احمد تنویر کے خلاف تھانہ اچھرہ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے پولیس کو طبی معائنے اور شناخت پریڈ کے عمل کی ہدایت کردی۔
آذربائیجانی خاتون سے مبینہ زیادتی: ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

