بھیریا سٹی ( رپورٹ: مجاہد مغل)
نوشہروفیروز: ملک سے پولیو کے خاتمے اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے روٹری کلب اور مختلف سماجی تنظیموں کے زیرِ اہتمام ایک بڑی آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور عوام میں پولیو سے بچاؤ کا شعور اجاگر کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس نوشہروفیروز سے شروع ہونے والی یہ آگاہی ریلی مین روڈ تک نکالی گئی۔ ریلی میں ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم، فہد سکندر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اختیار حسین میرانی، عبدالشکور عباسی، ممتاز ڈنگراج اور روشن مری سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے، اس لیے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور گھر آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت، محکمہ صحت، سماجی تنظیموں اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارے مستقبل کے معمار اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔
نوشہروفیروز: پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی ریلی، بچوں کو معذوری سے بچانے کا عزم


