سیالکوٹ:سلیم احمد اعوان شیخو
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ صدارت بذریعہ ویڈیو لنک کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور برانچ انچارجز نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کے بہتر انتظامات کے حوالے سے سخت اور اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ڈی پی او نے بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام کو سرفہرست ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے تمام واقعات پر فوری قانونی کارروائی اور مؤثر تفتیش کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں، کالجوں اور مدارس میں بھرپور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں جن میں بچوں کو ذاتی تحفظ اور نامناسب رویوں کی پہچان سکھائی جائے، جبکہ متاثرین کی شناخت، رازداری اور عزتِ نفس کا مکمل تحفظ بھییقینی بنایا جائے۔منشیات کے خاتمے کے حوالے سے تمام ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں اور سپلائی نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کارروائی کریں۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ منشیات کی فروخت کے مقامات کی نشاندہی کر کے مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اس کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی شکنجہ کسا جائے۔ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہر حادثے کی اطلاع پر خود موقع پر پہنچ کر وجوہات کا جائزہ لیں اور مؤثر نفاذِ قانون کو یقینی بنائیں۔ ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا گیا۔ علاوہ ازیں، انسدادِ سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔میٹنگ کے اختتام پر ڈی پی او نے تنبیہ کی کہ شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔


