خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ریونیو اور دیگر عدالتی مقدمات کی اہم کھلی کچہری و سماعت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سینئر وکلاء، متعلقہ پٹواریوں اور بڑی تعداد میں سائلین و درخواست گزاروں نے شرکت کی۔سماعت کے دوران شہریوں کی شکایات، اپیلوں، ریکارڈ کی درستگی، رٹ پٹیشنز، پٹہ جات کی منسوخی اور دیگر متفرق ریونیو معاملات سے متعلق کیسز ڈپٹی کمشنر کے روبرو پیش کیے گئے۔ اس دوران تمام فریقین کے مؤقفات سنے گئے اور کیسز کے قانونی و انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی بحث و جرح کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے پیش کردہ ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری اور ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اور عدالتی امور میں شفافیت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ آج سماعت کیے گئے مقدمات میں جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ آئندہ پیشی پر لازمی طور پر پیش کی جائے۔


