سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
ضلع سانگھڑ کے چک نمبر 23 میں غریب اور محنت کش کوہلی برادری پر غضب کی افتاد ٹوٹ پڑی، جہاں اچانک لگنے والی ہولناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے چند لمحوں میں کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ متاثرہ خاندانوں کے گھر اور ان میں موجود تمام گھریلو سامان، کپڑے، اناج اور ضروری اشیاء جل کر مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔واقعے کے بعد غریب متاثرہ خاندانوں کو شدید ترین مالی نقصان کا سامنا ہے، جبکہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی ناکام کوششیں کرتے رہے۔اس المناک حادثے کے نتیجے میں اب یہ بدقسمت خاندان کھلے آسمان تلے شدید سردی یا کھلے ماحول میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور حکومتی بے حسی کے درمیان امداد کے شدید منتظر ہیں۔ متاثرہ غریب افراد نے حکومتِ سندھ، ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور مخیر حضرات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری طور پر راشن، خیمے، کپڑے اور رہائش کا سامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ اس کٹھن وقت میں اپنے اہل خانہ کی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔


