پشاور:انورزیب خان
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا خود معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا اور متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پورے صوبے کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی بھی سیاسی شخصیت کی سفارش ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ جہاں جہاں تجاوزات موجود ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔گندم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر رپورٹ موصول ہونے کے بعد باضابطہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے لیے مفید ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ ذاتی یا ناجائز منافع کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے گا۔صوبے میں لوڈشیڈنگ کے بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کام جاری ہے۔ اب بجلی چوری کے زمانے گزر چکے ہیں، کیونکہ اگر بجلی کی مکمل ریکوری نہیں ہوگی تو پیداوار کیسے ممکن ہو گی۔وفاق اور صوبائی تعلقات کے حوالے سے گورنر نے واضح کیا کہ وفاق کے ساتھ صوبے کی کوئی لڑائی نہیں ہے اور تمام صوبوں کے ساتھ بہترین تعلقات رکھے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پشاور میں ٹریفک قوانین کے نفاذ اور ہائی کورٹ کے سامنے بند راستے کو آج ہی کھولنے کا بھی اعلان کیا گیا۔


