اسلام آباد:
حکومتِ پاکستان کے فلیگ شپ منصوبے "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت گھر بنانے کے لیے قرضے کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنادیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ضروری کاغذات کی تعداد میں نمایاں کمی کرتے ہوئے انہیں کم کر کے صرف 5 کر دیا ہے اور تمام متعلقہ بینکوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ اسکیم ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ فنانس کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے پہلی بار اپنا گھر بنانے کے خواہش مند شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے عمل کو عام شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسان اور شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ لوگ بغیر کسی دشواری کے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ہاؤسنگ قرض کے لیے درکار 5 ضروری دستاویزات:بینکوں کے لیے مقرر کردہ نئی اور مختصر کردہ فہرست کے مطابق اب صرف درج ذیل پانچ دستاویزات درکار ہوں گی:
-
ٹرانسفر لیٹر (Transfer Letter)
-
پوزیشن لیٹر (Possession Letter)
-
منظور شدہ نقشہ (Approved Map)
-
رہن رکھنے کی اجازت کا خط (Permission to Mortgage)
-
اندراجِ رہن (Mortgage Deed)
ترجمان وزارتِ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ کاغذی کارروائی میں کمی سے نہ صرف بینکوں میں قرضے کی منظوری کا عمل تیز ہوگا بلکہ عام شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔

