مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو کے قریب قومی شاہراہ پر سڑک عبور کرتے ہوئے ایک اور دلخراش حادثے میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق محراب پور کے نواحی گاؤں خاوند ڈنو لاشاری کے رہائشی ٹرک ڈرائیور سلیم اللہ لاشاری نے اپنا ٹرک ہوٹل پر کھڑا کیا تھا اور وہ روڈ کراس کر رہے تھے کہ اس دورانتیز رفتار ٹرالر نے انہیں کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کے فوراً بعد انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے مورو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے نوابشاہ ریفر کر دیا، تاہم وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ دریں اثنا، واقعے کی رپورٹ درس تھانے میں درج کر لی گئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

