مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو میں فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے ایمان ٹرکنگ اسٹیشن پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت مستحق افراد کے لیے روزانہ مفت کھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انچارج محمد طاہر کی نگرانی میں چلنے والے اس دسترخوان پر بڑی تعداد میں غریب، مسکین اور نادار افراد کو بلا تفریق صبح و شام دونوں وقت گرم اور معیاری کھانا کھلایا جا رہا ہے۔\
سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اس فلاحی اقدام سے نہ صرف مورو شہر بلکہ آس پاس کے دیہات اور گردونواح سے آنے والے مسکین افراد بھی بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، جس کی وجہ سے مستحق طبقے میں شدید خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی عوام اور غریب افراد نے اس شاندار فلاحی اقدام پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور متعلقہ انتظامیہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔علاوہ ازیں، تحصیل مورو کی غیور عوام اور سماجی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ہی فلاحی دسترخوان مورو شہر کے اندرونی اور دیگر اہم مقامات پر بھی شروع کیے جائیں تاکہ شہر کے ہر حصے میں موجود نادار اور محتاج افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔



