مٹیاری (ڈسٹرکٹ رپورٹر: عامر علی انڑ)
نیو سعیدآباد پولیس نے لنک روڈ امین لاکو کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 1 ملزم زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مٹیاری میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے تحت پولیس پارٹی نے کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان نوید علی کیریو اور علی اکبر سہتو کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمی ملزم نوید علی کیریو کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چند گھنٹے قبل شہری حفیظ اللہ چنا سے چھینی گئی 125 موٹر سائیکل، 2 بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول اور میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلوچ نے واضح کیا ہے کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔




