اسلام آباد : ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے ، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے، جہاں اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سماعت کی جا رہی ہے، جس کے بعد اس کا باقاعدہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
نیپرا کی منظوری کے بعد اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین پر ہو گا۔
اگست کے مہینے میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس کی اوسط فیول لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔

