لندن: برطانیہ کے ایک ہوائی اڈے کی طرف مشتبہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر پولیس نے انسدادِ دہشتگردی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کے بعد قریبی رہائشی علاقوں سے درجنوں گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
اتوار کی شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12 بج کر 45 منٹ پر موصول ہونے والی اطلاع کے بعد گلاسٹر شائر میں واقع رائل ایئر فورس (آر اے ایف) فیئر فورڈ کے قریب ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ برطانوی فوج کی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور انسدادِ دہشتگردی پولیس کی ٹیمیں اس امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال اڈے کے قریب پہنچ گئیں اور مشتبہ گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا۔
حکام کے مطابق ویلفورڈ کے قریبی گاؤں سے نکالے گئے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ فی الحال رات کے وقت اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکیں گے، تاہم صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے۔ فضائی مناظر میں ایک ریموٹ کنٹرول روبوٹ کو علاقے میں کھڑی گاڑیوں کی طرف بڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
صدرڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والے افراد بہت بڑے نقصان کی تیاری میں تھے جن پر کافی عرصے سے کڑی نظر رکھی جا رہی تھی اور وقت پر کارروائی کر کے انھیں دبوچ لیا گیا۔ برطانوی وزیرِ دفاع نے اس حوالے سے اپنے امریکی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ادھر امریکی محکمہ دفاع نے سفوک میں واقع آر اے ایف لیکین ہیتھ اڈے پر بھی سکیورٹی کا الرٹ لیول بڑھا کر دوسری بلند ترین سطح پر کر دیا ہے، جہاں امریکی فضائیہ کی 48 ویں فائٹر ونگ تعینات ہے۔
پولیس کے مطابق تمام پانچوں مشتبہ افراد ابتدائی طور پر دھماکا خیز مواد سے متعلق قوانین اور بعد ازاں دہشتگردی کی تیاری کے شبے میں گرفتار کیے گئے ہیں۔ تحقیقات کا عمل تاحال ابتدائی مراحل میں جاری ہے۔
برطانیہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام: امریکی اڈے کے قریب سے پانچ افراد گرفتار، گھر خالی کرا لیے گئے

